اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاک ایران وزارت اطلاعات و نشریات کے درمیان معاہدے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیرکا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات نئے اور مضبوط مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتا تعاون خوش آئند ہے، وزیراعظم شہباز شریف کےکردار اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ایرانی صدر کے دورہ پاکستان نے تعلقات کا نیا باب رقم کیا، پاکستان کے عوام اور حکومت نے ہر مشکل میں ایران کا ساتھ دیا،صیہونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، ایران کے عوام پاکستان کی دوستی اور بھائی چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، آج کے معاہدے پاک ایران تعاون کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان ہمارے درمیان بھائی چارے کا عکاس تھا، صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے بہترین نتائج حاصل ہوئے، ہمارےتعاون کا مقصد اپنے عوام کی خوشحالی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایران پر جارحیت کے دوران پاکستان کے عوام نے ایران سے یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستان اور ایران نے گزشتہ برسوں میں ثابت کیا کہ ہماری اقوام باہمت اور ثابت قدم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی فکری اور نظریاتی اساس مشترک ہے، پاکستانی میڈیا نے ایرانی قوم کے حوصلے اور عزم کو دنیا کے سامنے اجاگرکیا، میڈیا کے شعبے میں تعاون سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنےکا موقع ملےگا۔
آپ کا تبصرہ